لاہور: ایک ماہ میں قربانی کے 200 سے زائد جانور چوری، 218 ملزمان گرفتار

لاہور: ایک ماہ میں قربانی کے 200 سے زائد جانور چوری، 218 ملزمان گرفتار

لاہور میں قربانی کے جانوروں کی چوری کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔

 پولیس کے مطابق شہر بھر میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 200 سے زائد قربانی کے جانور چوری ہوئے، جس پر پولیس نے 218 مویشی چوروں کو گرفتار کر کے 161 مقدمات درج کر لیے ہیں۔سی سی پی او لاہور کے مطابق مختلف ڈویژنز میں کی گئی کارروائیوں میں سب سے زیادہ گرفتاریاں صدر ڈویژن سے ہوئیں، جہاں 61 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ دیگر علاقوں میں اقبال ٹاؤن سے 35، کینٹ سے 44، ماڈل ٹاؤن سے 47، سٹی سے 25 اور سول لائنز سے 6 مویشی چور گرفتار کیے گئے۔

سی سی پی او نے بتایا کہ جانوروں کی چوری کی روک تھام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ قربانی کے جانور خریدنے اور بیچنے والے شہریوں کو جیب تراشوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بھی سیکیورٹی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جعلی کرنسی کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دینے والے نوسر بازوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو مالی نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔