ٹریفک جام : نوجوان ایمبولینس میں دم توڑ دیا

ہڈیارہ کے نوجوان کوسانپ کے کاٹنے کے بعدلایاجارہاتھا ، بائو والا کے قریب پھنس گیا 4ماہ قبل شادی ہوئی تھی 
لاہور (کرائم رپورٹر) برکی روڈ پر بائو والا کے قریب شدید ٹریفک جام کے باعث سانپ کے ڈسے 22 سالہ نوجوان نے ہسپتال پہنچنے سے قبل ایمبولینس میں دم توڑ دیا۔ ہڈیارہ کا رہائشی نوجوان سانپ کے کاٹنے کے بعد علاج کے لیے ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ بائو والا کے قریب ٹریفک جام میں پھنس گیا۔ اہلخانہ کے مطابق نوجوان تقریباً ایک گھنٹہ ٹریفک میں پھنسا رہا اور بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کے باعث ایمبولینس ہی میں جان کی بازی ہار گیا۔جاں بحق نوجوان چار بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا اور چار ماہ قبل ہی اس کی شادی ہوئی تھی۔ نوجوان کی ہلاکت پر والدین اور بہنیں غم سے نڈھال ہو گئے اور حکومت و انتظامیہ کو ہاتھ اٹھا کر بددعائیں دیتے رہے۔ اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ ٹریفک جام کی وجوہات کا تعین کرکے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔