راولپنڈی: توشہ خانہ کیس میں گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل، عدالت نے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی

راولپنڈی: توشہ خانہ کیس میں گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل، عدالت نے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی

راولپنڈی میں سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوئی، جس میں 3 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی ہے۔

سماعت کی قیادت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔اس دوران، سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل سے خصوصی عدالت پیش کیا گیا۔ عدالت میں عمران خان کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کی بھابی مہر النسا احمد بھی موجود تھیں۔مقدمے میں اب تک 14 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جن میں سے آج 3 گواہوں، جن میں کسٹم اپریزر رابعہ صمد، ثنا سعید، اور اے ڈی سی عبداللہ خان، کے بیانات پر جرح مکمل کی گئی۔

 اس کے علاوہ، سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری انعام شاہ کا بیان بھی قلمبند کیا گیا۔عدالت نے آج کے دوران استغاثہ کے گواہ عظیم منظور کو غیر ضروری قرار دے کر مقدمے سے خارج کر دیا۔ سماعت کے دوران پراسیکیوٹر ذولفقار عباس نقوی، عمیر مجید، اور وکلائے صفائی ارشد تبریز اور مفتی قوسین بھی موجود تھے۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر بھی عدالت میں حاضر تھے۔عدالت نے کیس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔