شاہدرہ ٹائون: عمرے پر گئی فیملی کے گھر ڈکیتی کرنیوالا3 رکنی گروہ گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر) کینٹ ڈویڑن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت دو ملزموں کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 65 بوتلیں شراب برآمد کر لی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس سی پولیس نے دو منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ گرفتار ہونے والوں میں کیرس مسیح اور ایک خاتون ملزمہ مریم شامل ہیں۔ دونوں ملزمان جدید ذرائع سے آن لائن منشیات منگوا کر لاہور کے پوش علاقوں میں سپلائی کرتے تھے۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا شاہدرہ ٹائون کے علاقے میں عمرے پر گئی فیملی کے گھر واردات کرنے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق شاہدرہ ٹائون پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی ہائوس رابری گینگ کو گرفتار کیا۔ملزمان نے واردات کے دوران گھر میں موجود خواتین کو کمرے میں بند کر کے لوٹ مار کی۔ گرفتار ملزمان میں حسن رضا، سجاد اور حبیب شامل ہیں جبکہ واردات میں ایک محلے دار نے بھی ملزمان کی معاونت کی۔پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ طلائی زیورات اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔