ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ بارش ایک بڑے ڈیزاسٹر کی صورت اختیار کر گئی تھی، چند ہی گھنٹوں میں شہر میں 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان سندھ حکومت کی وضاحت:
سعدیہ جاوید نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کا عملہ ہائی الرٹ پر ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں ریسکیو و کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں تاکہ انتظامیہ اپنے فرائض بخوبی انجام دے سکے۔
سیلابی صورتحال اور ہائی الرٹ:
ترجمان نے کہا کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر پورا صوبہ ہائی الرٹ پر ہے۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور پولیس کو الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
تعلیمی اداروں کے حوالے سے پالیسی:
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری کو دیکھتے ہوئے سندھ حکومت اسکولوں کی چھٹیوں کا فیصلہ کرے گی۔ اس سلسلے میں حالات کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔