ریسکیو اور ڈیزاسٹر ریسپانس ادارے مزید متحرک ہوں:وزیراعظم شہباز شریف

ریسکیو اور ڈیزاسٹر ریسپانس ادارے مزید متحرک ہوں:وزیراعظم شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے نارووال میں ہونے والے اجلاس میں کہا کہ ریسکیو اور قدرتی آفات سے نمٹنے والے اداروں کو مزید متحرک ہونا ہوگا تاکہ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے نقصانات کم سے کم ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے بعد پنجاب کو بھی طغیانی کا سامنا ہے اور سیلاب سے جانی نقصان پر افسوس ہے، تاہم مؤثر پیشگی اطلاعات کے نظام کی بدولت نقصان کم ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ بارشوں سے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں کافی جانی نقصان ہوا، اور کئی نئے چھوٹے ڈیمز تعمیر کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پانی کے ذخائر بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ریسکیو، پولیس اور محکمہ ایری گیشن دن رات کام کر رہے ہیں، اور ٹیم ورک کی وجہ سے نقصان کم سے کم کیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش میں اضافہ کرنا ہوگا اور اپنے وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنا ہوگا تاکہ آئندہ آنے والے سالوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔وزیراعظم نے 2022 کی آفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اُس وقت بھی بڑی تباہی ہوئی تھی، اور مرکزی طور پر سندھ اور بلوچستان میں لاکھوں ایکڑ پر کاشت شدہ فصلیں تباہ ہو گئی تھیں۔