وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر شہر کی انتظامیہ کو بارش کے نئے اسپیل کے پیشِ نظر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کمشنر آفس کے کنٹرول روم سے صورتحال کی مانیٹرنگ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت دی۔چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے، اس لیے تمام ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی عملہ فیلڈ میں موجود رہے اور عوامی سہولت کے لیے نکاسی آب کے انتظامات یقینی بنائے۔
نکاسی آب اور ٹریفک کے انتظامات
کمشنر کراچی نے اسسٹنٹ کمشنرز اور میونسپل کمشنرز کو ہدایت دی کہ ندی نالوں اور نکاسی آب کے نظام کا فوری طور پر معائنہ کیا جائے اور ضرورت پڑنے پر مشینری تعینات کی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے دوران ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں پر موجود رہے اور پی ڈی ایم اے کی فراہم کردہ مشینری ہر وقت آپریشن کے لیے تیار رکھی جائے۔
پی ڈی ایم اے کی تیاری
دوسری جانب پی ڈی ایم اے سندھ نے بھی بارشوں کے پیشِ نظر اپنی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے سلمان شاہ نے شاہراہ فیصل اور ڈرگ روڈ پر نصب پمپس کا جائزہ لیا اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں پر 13 ڈی واٹرنگ پمپس نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 3 پمپس ایمرجنسی کے لیے تیار ہیں جنہیں کسی بھی وقت ضرورت کے مطابق مختلف مقامات پر منتقل کیا جاسکتا ہے۔
شہریوں کے لیے ہدایات
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ان کا عملہ ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار ہے، تاہم شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں کیونکہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے مختلف اوقات پر جاری رہنے کا امکان ہے۔