کرسٹیانو رونالڈو نے بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو مسترد کر دیا

لزبن (سپورٹس ڈیسک)معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔41 سالہ پرتگالی کپتان نے گزشتہ ہفتے ناروے کے خلاف میچ میں متبادل کھلاڑی رہنے اور ڈنمارک کے خلاف میچ میں بھی ابتدائی ٹیم میں شامل نہ کیے جانے کے بعد نیشنز لیگ کیمپ چھوڑ دیا تھا۔رونالڈو نے اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ پرتگالی فٹبال فیڈریشن کو ان کے اقدام کے نتائج کا جائزہ لے کر انہیں سزا دینی چاہیے اور وہ سزا کم کیے جانے کے حق میں نہیں ہیں۔ ان کے مطابق وہ اپنے اقدام پر معذرت کرچکے ہیں اور جانتے ہیں کہ ہر عمل کے نتائج ہوتے ہیں۔تاہم رونالڈو نے کوچ جارج جیزس پر اعتماد توڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کوچ نے پہلے انہیں ناروے کے خلاف کھلانے کا وعدہ کیا لیکن اس پر عمل نہیں کیا جس سے ان کا اعتماد مجروح ہوا۔رونالڈو نے کہا کہ اگر وہ جسمانی طور پر فٹ رہے، اپنی کلب ٹیم کے لیے کھیلتے رہے اور گول کرتے رہے تو وہ پرتگال کی نمائندگی جاری رکھنا چاہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ معطلی کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ ہمیشہ کی طرح قومی ٹیم کے لیے کھیلنے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے دستیاب ہوں گے۔