ٹام کروز کی ڈیگر بڑے بجٹ کے باوجود باکس آفس پر ناکام

لاس اینجلس (شوبز ڈیسک)ہالی ووڈ کے سپر اسٹار ٹام کروز کی نئی فلم ڈیگر سے وابستہ کامیابی کی توقعات پہلے ہی ہفتے میں پوری نہ ہوسکیں اور فلم نے باکس آفس پر انتہائی کم بزنس کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی امریکا کے 3 ہزار 321 سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ڈیگر نے ابتدائی ہفتے میں تقریبا 80 لاکھ ڈالر کمائے۔ حتمی اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد اس رقم میں معمولی تبدیلی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔فلمی تجزیہ کاروں نے اس فلم سے تقریبا 75 لاکھ ڈالر کے ابتدائی بزنس کی توقع کی تھی، لیکن ٹام کروز جیسے عالمی شہرت یافتہ اداکار اور معروف ہدایت کار الیخاندرو گونزالیز ایناریٹو کی موجودگی کے باوجود فلم کی کارکردگی حیران کن طور پر کم رہی۔ڈیگر کا تخمینی بجٹ 16 کروڑ سے 18 کروڑ ڈالر کے درمیان بتایا جاتا ہے۔ باکس آفس ماہرین کے مطابق اتنے بڑے بجٹ کی فلم کے لیے قابل قبول آغاز کے طور پر کم از کم 4 کروڑ ڈالر کی آمدنی درکار تھی، تاہم ریلیز سے پہلے بننے والے منفی تاثر اور کمزور تشہیری مہم کے باعث فلم سے وابستہ توقعات مسلسل کم ہوتی گئیں۔وارنر برادرز کو امید تھی کہ ٹام کروز اور ایناریٹو کی جوڑی فلم کو پہلے ہفتے میں تقریبا ایک کروڑ 80 لاکھ سے 2 کروڑ ڈالر تک کا بزنس دلوا سکتی ہے، تاہم ڈیگر اس ہدف سے بھی خاصی دور رہی۔