ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے انکشاف کیا ہے کہ اداکار شاہ رخ خان نے مجھے میرے کیریئر کے آغاز میں ایک اہم نصیحت کی تھی، جسے میں آج بھی اپنے کیریئر میں اپنا رہا ہوں۔ ایک انٹرویو میں 50 سالہ ابھیشیک بچن نے اپنے بچپن کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ میں ادیتیا چوپڑا کے گھر اتوار کے روز اودے چوپڑا، ہریتھک روشن اور سکندر کھیر کے ساتھ کرکٹ کھیلا کرتا تھا اور شاہ رخ خان ہم سب کے لیے بڑے بھائی کی طرح رہنمائی کرتے تھے۔ابھیشیک نے بتایا ہے کہ اداکاری میں قدم رکھنے سے قبل میں نے شاہ رخ خان سے پوچھا تھا کہ ان کی پسندیدہ فلم کون سی ہے، جس پر شاہ رخ خان نے جواب دیا تھا کہ میری پسندیدہ فلم وہ ہے جس پر میں اس وقت کام کر رہا ہوں، کیونکہ اگر وہ میری پسندیدہ نہیں تو میں وہ فلم کیوں کر رہا ہوں؟ابھیشیک بچن نے کہا ہے کہ میں نے شاہ رخ خان کی اس بات کو اپنے کیریئر کا اصول بنا لیا، جو کام میں اس وقت کر رہا ہوں، وہی میرا پسندیدہ ہونا چاہیے، جبکہ ماضی میں جو کچھ ہو چکا اسے پیچھے چھوڑ دینا چاہیے۔