والد کی پنشن سے نابالغ بچوں کا نان نفقہ ادا کیا جاسکتا ہے لاہور ہائی کورٹ

بچوں کانان نفقہ عام قرض نہیں بلکہ والد پرعائد قانونی ذمہ داری ہے،جو بچے اور والد کے رشتے سے پیدا ہوتی ہے:جسٹس جاوید اقبال
لاہور(آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ نے نابالغ بچوں کے نان نفقہ کی عدم ادائیگی پر پنشن کی اٹیچمنٹ کے خلاف درخواست خارج کردی۔جسٹس جاوید اقبال وینس اورجسٹس وقارحیدر اعوان پرمشتمل بینچ  نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ پنشنر والد کی پنشن سے نابالغ بچوں کا نان نفقہ ادا کیا جاسکتا ہے۔عدالت کے مطابق بچوں کانان نفقہ عام قرض نہیں بلکہ والد پرعائد قانونی ذمہ داری ہے،جو بچے اور والد کے رشتے سے پیدا ہوتی ہے،فیصلے میں کہاگیاکہ فیملی کورٹ کو نان نفقہ کی حتمی ڈگری پر عملدرآمد کیلئے  پنشن اکائو نٹ منسلک کرنیکا اختیار حاصل ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے قراردیا کہ پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت پنشن کے تحفظ کو نابالغ بچوں کے نان نفقہ کے حق پر ترجیح نہیں دی جاسکتی۔عدالت کے مطابق نابالغ بچوں کا نان نفقہ اسلامی اصولوں اور پاکستانی قانون دونوں میں تسلیم شدہ حق ہے،فیملی کورٹ کی ڈگری والد کی پہلے سے موجود نان نفقہ کی ذمہ داری کو متعین اور نافذ کرتی ہے۔