آئین مقدس ،راتوں رات ترامیم ظلم کے مترادف:اسدقیصر

آئین بنانیوالوں کی نسلیں آئین توڑ رہی ہیں ،پیپلزپارٹی موقف پر نظرثانی کرے
سیاسی مک مکا نظرآرہا:گفتگو،کیسزتفصیلات کی فراہمی کیلئے بائیومیٹرک کرالی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق قومی سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ آئین مقدس ہے، راتوں رات ترامیم آئین کے ساتھ ظلم کے مترادف ہیں،عمران خان سے ملاقات کا حق ہر کسی کو حاصل ہے، عدالت نے جو ریلیف دیا ہے وہ قانونی حق ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے مؤقف پر نظرِ ثانی کرے اور عوامی سیاست کو بچائے نہ کہ ڈرامہ رچایا جائے،آئین بنانے والو ں کی نسلیں آئین کو توڑ رہی ہیں۔ہم آئین میں اس طرح کی ترمیم کے خلاف عوام میں بھی جائیں گے اور عدالتوں کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔ ہم اس ناجائز رجیم کے خلاف عوام، عدالت اور پارلیمنٹ تینوں محاذوں پر لڑیں گے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کے سربراہ حامد رضا نے قانون کی بالادستی کیلئے اہم کردار ادا کیا،ان کیخلاف جھوٹے مقدمات کی مذمت کرتے ہیں ۔سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تاحال موجود نہیں، جو انتہائی تشویش ناک ہے،ہم سپیکر قومی اسمبلی سے ملے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری عمل میں لائی جائے۔ دریں اثنا اسد قیصر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں مختلف کیسز کی تفصیلات فراہمی کے لئے نئی درخواست دائر کرنے کے لئے بائیو میٹرک تصدیق کروا لی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی موجودہ سیاست پر سوالیہ نشان ہے، مجھے ملک کی سیاست میں مک مکا نظر آ رہا ہے۔ ملک میں انصاف ناپید ہو چکا ہے، قانون کی حکمرانی کہیں نظر نہیں آتی،اب وقت آ گیا ہے کہ ججز اپنے بنیادی آئینی کردار کے لئے کھڑے ہوں۔