ویب ڈیسک:پاکستان نے ایڈیلیڈ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں دوسرا ون ڈے میچ جیت کر نہ صرف سیریز 1-1 سے برابر کی بلکہ 28 سال بعد اس گراؤنڈ میں پہلی بار ون ڈے میچ جیتنے کا سنگ میل بھی عبور کیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اس کا فیصلہ بالرز نے صحیح ثابت کر دکھایا۔ حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 اوورز میں 29 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی اس بہترین کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم 163 رنز تک محدود رہی۔ یہ اس بات کی علامت تھی کہ پاکستان کی بالنگ لائن نے زبردست حکمت عملی کے ساتھ کینگروز کو قابو کیا۔ایڈیلیڈ کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 8 مرتبہ ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں آسٹریلیا نے 7 بار کامیابی حاصل کی تھی۔
تاہم، پاکستان نے 28 سال بعد، 1996 میں، اس گراؤنڈ میں اپنی واحد جیت حاصل کی تھی جب وسیم اکرم کی قیادت میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی، اور اس میچ میں ثقلین مشتاق نے 5 وکٹیں لے کر اہم کردار ادا کیا تھا۔اس میچ میں پاکستان کے بالرز کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف میچ جیتنے میں مدد دی بلکہ پاکستان کی تاریخ میں ایڈیلیڈ میں کامیابی کے حوالے سے ایک نیا باب بھی رقم کیا۔ اس کامیابی کے بعد پاکستان نے سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے، اور اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنی بالنگ کے شعبے میں بھی اپنی مضبوطی کو ثابت کیا ہے۔