وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ نہ صرف ہمارا فرض ہے بلکہ یہ قومی ذمہ داری بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو جو حقوق دیے ہیں، اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، اور معاشرے کی ترقی کا راز خواتین کی عزت و وقار کے تحفظ میں ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ خواتین کو یکساں مواقع فراہم کرنا، چاہے وہ تعلیم ہو، ملازمت ہو یا زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے مواقع، تمام خواتین کا حق ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی عملی میدان میں شرکت معاشرتی ترقی کا ایک اہم ستون ہے۔ بغیر خواتین کی طاقت کو تسلیم کیے ہوئے ترقی کا خواب پورا نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ خواتین ہماری آبادی کا نصف حصہ ہیں اور افسوسناک بات یہ ہے کہ اب بھی خواتین کو امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ انہوں نے خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور عہد کیا کہ حکومت خواتین کے لیے ایک محفوظ، ترقی یافتہ اور بہتر ماحول فراہم کرے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لا سکیں۔