کریمنلز صارفین کو میسج بھیج کر ان کا اکائونٹ ہیک کرکے ڈیٹا چوری کرتے ہیں،بین الاقوامی کمپنی
اسلام آباد (آئی این پی )سمارٹ فونز سے بینکنگ ڈیٹا کی چوری میں گذشتہ سال 2024کے دوران 195.71فیصد اضافہ ہوا ہے۔سائبر سکیورٹی و اینٹی وائرس خدمات فراہم کرنے والی بین الاقوامی کمپنی کسپرسکی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2023کے دوران بینکنگ ڈیٹا کی چوری کیلئے سمارٹ اینڈ رائیڈ فونز پر 4لاکھ 20ہزار سائبرحملے کیے گئے تھے تاہم سال 2024کے دوران سائبر حملوں کی تعداد 12لاکھ 42ہزار تک بڑھ گئی۔اس طرح 2023کے مقابلہ میں سال 2024کے دوران بینکنگ ڈیٹا چرانے کیلئے اینڈ رائیڈ سمارٹ فونز پر ہونے والے سائبر حملوں کی شرح میں 195.71فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہائیکرز کسی بھی صارف کے آن لائن بینکنگ ڈیٹا ، ای پیمنٹس یا کریڈٹ کارڈ سروسز کے ڈیٹا کو چرانے کیلئے دھوکا دہی پرمبنی کمپیوٹر پروگرامز سے مدد حاصل کرتے ہیں۔بعض واقعات میں سائبر کریمنلز صارفین کو میسج بھیج کر ان کا اکائونٹ ہیک کر کے ڈیٹا چوری کرتے ہیں جبکہ انٹر نیٹ کے ذریعے مجرمانہ سرگرمیوں کے مرتکب افراد حساس معلومات یا خبروں کے ذریعے اپنے پیغامات کی اہمیت میں اضافہ کر کے صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔