امریکا سمیت 8ممالک سے مزید 37پاکستانی ڈی پورٹ

سعودی عرب سے 26پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا،سینیگال میں ایک شہری بلیک لسٹ ہونے پر گرفتار
کراچی (آئی این پی) امریکا، سینیگال اور قبرص سمیت 8ممالک سے مزید 37پاکستانی باشندوں کوڈی پورٹ کر دیا گیا جن میں سے 3شہریوں کو بلیک لسٹ ہونے پر حراست میں لے لیا گیا۔امیگریشن ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا جانیوالے ایک پاکستانی کا امیگریشن حکام نے ویزہ منسوخ کرکے اسے واپس پاکستان بھجوا دیا،قبرص پہنچے ایک پاکستانی کو امیگریشن نے ناپسندیدہ قرار دے کر واپس پاکستان بھیج دیا۔سینیگال میں انسانی سمگلنگ ملوث ایک پاکستانی شہری کو حراست میں لے کر واپس بھیج دیا گیا جبکہ برازیل میں بغیر دستاویزات پہنچے پاکستانی کو بھی ڈی پورٹ کردیا گیا۔سعودی عرب میں ویزہ منسوخ ہونے پر 2 پاکستانیوں کو بے دخل کردیا گیا جبکہ سعودی سسٹم میں ویزہ ریکارڈ نہ آنے، بلیک لسٹ، منشیات، زائد المیعاد قیام، بھیک مانگنے، کفیل کے بغیر کام کرنے، کام سے مفرور، چوری کے الزامات اور پاسپورٹ گم کرنے پر 26پاکستانیوں کو واپس بھیجا گیا۔متحدہ عرب امارات میں زائد المیعاد قیام اور بلیک لسٹ ہونے پر 3 پاکستانی بے دخل ہوئے، ایران سے بھی ایمرجنسی دستاویزات پر ایک پاکستانی باشندے کو بے دخل کیا گیا جبکہ بحرین میں سکیورٹی رسک قرار دے کر ایک پاکستانی کو واپس بھیج دیا گیا۔