امریکا کا تہران کے فنڈز سے خلیج میں ہونیوالے نقصان کے ازالے کا فیصلہ

مریکی حکام مستقبل میں ہونے والی ممکنہ تباہی کے ازالے کے لیے بھی ایرانی اثاثوں کے استعمال پر غور کر رہے ہیں
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی حکومت نے ایران کے اثاثوں کو خلیجی ممالک کی تعمیرِ نو اور ایرانی حملوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے کویت اور بحرین پر حملوں کے بعد مزید ڈرونز بھی لانچ کئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ایک ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایران کی جانب سے خلیجی اتحادی ممالک کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگائے۔امریکی حکام مستقبل میں ہونے والی ممکنہ تباہی کے ازالے کے لیے بھی ایرانی اثاثوں کے استعمال پر غور کر رہے ہیں۔یہ انکشاف ایک روز بعد سامنے آیا جب ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر محسن رضائی نے سی این این کو انٹرویو میں کہا تھا کہ تین ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کیلئے امن معاہدے کی ایک اہم شرط امریکا میں منجمد 24 ارب ڈالر مالیت کے ایرانی اثاثوں کی رہائی ہے۔مبصرین کے مطابق ایرانی اثاثوں کو خلیجی ممالک کی تعمیرِ نو کے لیے استعمال کرنے کی امریکی تجویز واشنگٹن اور تہران کے درمیان نازک جنگ بندی کے لیے ایک نئی کشیدگی کا سبب بن سکتی ہے، خصوصا ایسے وقت میں جب ہفتے کے آخر میں دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ حملوں کا تبادلہ ہوا۔