چندروز تک موسم خشک،سردی کی شدت بڑھنے کا امکان

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے،اے پی پی)محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک بھر میں چند روز تک موسم سرد وخشک رہنے اور سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔آج صبح/رات کو شمال مشرقی پنجاب میں درمیانی سے شدید جبکہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دْھند پڑنے کی توقع ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہا، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔ مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ میں دْھند چھائی رہی۔ گزشتہ روز وادی لہہ میں درجہ حرارت منفی 10، کالام منفی 9، قلات، استور منفی 8، کوئٹہ، گوپس، زیارت منفی 7،سکردو ،دروش، چترال اورہنزہ میں منفی 4ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کاکہناہے کہ ملک میں ٹھنڈی ہوا کی نئی لہر اوردرجہ حرارت سنگل ڈیجٹ کی کم ترین سطح تک گرنے کا امکان ہے اور سردی کا یہ سلسلہ ہفتے تک جاری رہنے جبکہ 9 سے 10 دن تک بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سرد ہوا کی نئی لہر آنے کا امکان ہے۔ رواں موسم سرما میں ملک میں پہلے ہی ریکارڈ توڑ سردی پڑ چکی ہے اور اس سال جنوری ، دسمبر میں درجہ حرارت 2023 کے اسی عرصے کے مقابلے میں نمایاں کم رہا۔درجہ حرارت میں غیر معمولی کمی نے شدید سرد موسم کی صورتحال پیدا کردی ہے اور آئندہ دنوں میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔