سندھ حکومت کا طلبہ کی میڈیکل سکریننگ کروانے کا فیصلہ

میڈیکل سکریننگ ابتدائی طور پر سندھ کے سرکاری کالجوں میں کی جائے گی،نوٹیفکیشن جاری
کراچی(آئی این پی)سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے کیسز کے خلاف ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی میڈیکل سکریننگ کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیکل سکریننگ ابتدائی طور پر سندھ کے سرکاری کالجوں میں کی جائے گی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن سیکرٹری کالج ایجوکیشن آصف اکرام کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق محکمہ کالج ایجوکیشن میں ایک سہ رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ، متعلقہ ضلع کے ریجنل ڈائریکٹر اور متعلقہ کالج پرنسپل پر مشتمل ہوگی۔کمیٹی کے ٹی او آرز طے کیے گئے ہیں جس کے تحت میڈیکل سکریننگ ٹیم کسی بھی سرکاری کالج کا اچانک دورہ کرے گی اور اس موقع پر محکمہ کالج ایجوکیشن کی ٹیم میڈیکل سکریننگ ٹیم کی معاونت کے لیے موجود ہوگی۔ میڈیکل سکریننگ ٹیم کالج میں کسی بھی طالب علم کا میڈیکل ٹیسٹ کر سکے گی۔