لاہور(سپورٹس ڈیسک)ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 3 وکٹ سے شکست دے دی۔148 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے آخری اوور میں حاصل کیا، فہیم اشرف کی آخری لمحات میں زبردست بیٹنگ نے شائقین کے دل جیت لیے۔کولمبو میں ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم نے پہلے بولنگ کرانے کا فیصلہ کیا تھا، پہلی اننگ میں نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔کولمبو میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا میں پہلی بار ایسی پِچ دیکھ رہا ہوں، ٹیم میں 3 پیسرز ہیں، جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔میچ کے آغاز کے بعد نیدرلینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری، میکس ڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے جبکہ نیدرلینڈز کی دوسری وکٹ 31 رنز پر گری جب محمد نواز نے مائیکل لیوٹ کو 24 رنز پر آؤٹ کیا۔پاکستان کے خلاف نیدرلینڈز کی تیسری وکٹ 65 رنز پر گری جب ابرار احمد نے کولن اکرمین کو 20 رنز پر آؤٹ کیا۔بعد ازاں نیدرلینڈز کے بیٹرز نے پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 105 تک پہنچایا جس کے بعد محمد نواز نے ان کی پارٹنر شپ کو بریک لگوا دیا اور قومی ٹیم نے چوتھی وکٹ حاصل کر لی۔اس کے بعد پاکستانی فیلڈرز کی جانب سے نیدرلینڈز کے بیٹرز کے کیچ پکڑنے کا سلسلہ جاری رہا اور اس کے بعد تمام بیٹرز کیچ آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 جبکہ محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے 2، 2 اور شاہین آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔شاداب خان 4 اوورز میں 26 رن دے کر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔