ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں روڈ پر کام کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف 6 مقدمات
لاہور(کرائم رپورٹر ) ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں روڈ میں گھروں کی تعمیر کے لئے بڑے پیمانے پر بجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے، لیسکو بیدیاں روڈ سب ڈویڑن نے بجلی چوری میں ملوث ٹھیکیدار کے خلاف 6مقدمات درج کرا دئیے۔ ٹھیکیدار کی جانب سے ڈائریکٹ سپلائی لگا کر تعمیراتی کام کیا جارہا تھا،ایس ڈی او بیدیاں روڈ سب ڈویڑن حافظ ضرار نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی، لیسکو ٹیم نے تمام کنکشنز منقطع کرکے تار قبضے میں لے لئے۔ ایس ڈی او کا کہنا تھا 95 سے زائد رہائشی گھر تعمیر ہورہے ہیں،ٹھیکیدار کی جانب سے تمام گھروں کی تعمیر کیلئے ڈائریکٹ سپلائی کے ذریعے بجلی چوری کی جارہی تھی، بجلی چوری کا تخمینہ لگا کر ڈی ٹیکشن بل چارج کیا جائے گا۔