لاہور (آئی این پی ) صوبہ پنجاب کے ضلع وہاڑی سے تعلق رکھنے والے ایک کاروباری نوجوان ارسلان احمد را نے اپنی بیٹی زہرہ کی پہلی سالگرہ پر ان کو ایک انوکھا تحفہ دیا ہے۔انہوں نے اپنی بیٹی کی پہلی سالگرہ پر 100مستحق بچیوں کو تعلیم دلوانے کا اعلان کیا۔ سالگرہ کی تقریب میں جہاں کیک کاٹا گیا، گیت گائے جا رہے تھے اور چہروں پر مسکان تھی تو وہیں لڑکیوں کی تعلیم کے حوالے سے پلے کارڈز اور پوسٹرز بھی دکھائی دے رہے تھے۔ارسلان احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی ہو یا بیٹا، دونوں خدا کی رحمت ہوتے ہیں،معاشرے میں بیٹی کی پیدائش پر جو سوچ پائی جاتی ہے میں اسے توڑنا چاہتا ہوں۔ زہرہ صرف میری بیٹی نہیں سوچ میں تبدیلی کی مظہر بھی ہے۔