پاکستان ، او آئی سی کے درمیان تجارتی شراکت داری کے استحکام پر اتفاق

او آئی سی کیساتھ اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں ،وفاقی وزیر جام کمال خان 
   اسلام آباد؍ جدہ(آئی این پی ) پاکستان اور اسلامی ممالک کی تعاون تنظیم کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شراکت داری کے استحکام پر اتفاق کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحٰہ سے ملاقات ہوئی جس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران جام کمال خان کا کہنا تھا کہ پاکستان، او آئی سی کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، مسلم دنیا میں اقتصادی اور تجارتی روابط مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے۔پاکستان نے او آئی سی سیکرٹری جنرل کو میڈ ان پاکستان نمائش کے دورے کی دعوت دی۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے مزید کہا کہ لاہور میں 18ویں او آئی سی تجارتی نمائش کے انعقاد کے لیے پاکستان پر عزم ہے۔ او آئی سی سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحٰہ نے پاکستان کے اقتصادی انضمام کے فروغ کے اقدامات کی تعریف کی۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال ملاقات پاکستان اور او آئی سی کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شراکت داری کے استحکام پر بھی اتفاق کیا گیا۔قبل ازیں جدہ میںایک انٹرویو میں وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت  بجلی اورگیس کی قیمتوں میں  کمی لانے پر  کام کر رہی ہے، یہ بہت سخت چیلنج ہے، آئندہ تین چار ماہ میں اس ایشو کو زیادہ بہتری سے حل  کریں گے ، خلیج تعاون کونسل کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے اور بہت جلد حتمی شکل اختیار کر لے گا۔ جام کمال نے کہا کہ یہ معاہدہ کسی ایک ملک کے ساتھ نہیں پورے بلاک کے ساتھ کر رہے ہیں۔جہاں تک ٹیرف میں ریلیف کی بات ہے جی سی سی ممالک کچھ ریلیف آپ کو دیں گے۔ کچھ چیزوں میں آپ انہیں فائدہ دیں گے۔