امریکا نے دبئی میں قائم کرپٹو کرنسی ایکسچینج شیلبٹ، اس کے ایرانی بانی سیاوش کیوان پور اور دیگر متعلقہ اداروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ شیلبٹ نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب، ایرانی مرکزی بینک اور دیگر ایران سے منسلک اداروں کے لیے لاکھوں ڈالر کی کرپٹو لین دین میں سہولت فراہم کی اور مبینہ طور پر امریکی پابندیوں سے بچنے میں مدد دی۔رائٹرز کی تحقیقات کے مطابق شیلبٹ ایک ایسے وسیع مالیاتی نیٹ ورک کا حصہ تھا جس کے ذریعے اربوں ڈالر مالیت کی کرپٹو ٹرانزیکشنز کی گئیں۔ امریکی اقدام کا بنیادی مقصد ایران سے منسلک مبینہ غیر قانونی مالیاتی نیٹ ورک کو محدود کرنا بتایا گیا ہے۔شیلبٹ دبئی میں رجسٹرڈ کرپٹو ایکسچینج ہے، جبکہ امریکا نے اس کے بانی سیاوش کیوان پور کو بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔ امریکی کرپٹو ریگولیٹر کی جانب سے بھی شیلبٹ پر اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق قواعد کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔دوسری جانب شیلبٹ نے غیر قانونی سرگرمیوں یا منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی سرگرمیاں جنوری 2026 میں بند ہوچکی تھیں۔