لاہور میں سکیورٹی مزید سخت، چیکنگ کا دائرہ وسیع

لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے جمعتہ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کا دائرہ وسیع کر دیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ مشتبہ افراد، بغیر کاغذات گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے لاہور پولیس ہر وقت الرٹ ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد گاڑیوں اور 5 لاکھ 89 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی جا چکی ہے۔ بغیر کاغذات سفر کرنے پر 7 ہزار 148 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ 130 موٹر سائیکلیں ’’اپلائیڈ فار‘‘ اور 349 غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر پولیس تحویل میں لی گئیں۔ علاوہ ازیں 237 موٹر سائیکلوں کو انسدادی کارروائی کے تحت مختلف تھانوں میں بند کیا گیا ہے۔