رانی مکھرجی پیدائش کے وقت دوسری فیملی کے پاس کیسے پہنچ گئیں؟ دلچسپ انکشاف

رانی مکھرجی پیدائش کے وقت دوسری فیملی کے پاس کیسے پہنچ گئیں؟ دلچسپ انکشاف

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی نے انکشاف کیا ہے کہ پیدائش کے وقت وہ غلطی سے ایک پنجابی خاندان کے پاس چلی گئی تھیں، جبکہ اس خاندان کی نومولود بچی ان کی والدہ کے پاس پہنچ گئی تھی۔

ایک انٹرویو میں رانی مکھرجی نے اپنے بچپن کا دلچسپ اور مزاحیہ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ پیدائش کے بعد جب نرسیں نومولود بچوں کو معمول کے چیک اپ کے لیے لے جاتی تھیں تو ان کی شناخت کے لیے ٹیگز لگائے جاتے تھے۔ اسی دوران وہ غلطی سے ایک پنجابی خاندان کے کمرے میں پہنچ گئیں۔رانی مکھرجی کے مطابق ان کی والدہ نے دوسری بچی کو دیکھتے ہی محسوس کرلیا کہ کچھ گڑبڑ ہے، کیونکہ بچی کی آنکھوں کا رنگ مختلف تھا۔ ان کی والدہ نے فوراً کہا کہ یہ ان کی بیٹی نہیں، کیونکہ ان کی بیٹی کی آنکھیں بھوری ہیں، لہٰذا ان کی اصل بچی کو تلاش کیا جائے۔

تلاش کے بعد معلوم ہوا کہ پنجابی خاندان کے پاس موجود بچی دراصل رانی مکھرجی تھیں، جبکہ اس خاندان کے ہاں اس وقت آٹھویں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ خاندان کے افراد بعد میں بھی مذاقاً ان سے کہتے رہے کہ وہ دراصل پنجابی ہیں اور غلطی سے مکھرجی خاندان میں پہنچ گئی تھیں۔یاد رہے کہ رانی مکھرجی 21 مارچ 1978 کو فلمساز و ہدایتکار رام مکھرجی اور ان کی اہلیہ کرشنا مکھرجی کے ہاں پیدا ہوئی تھیں۔