’پٹھان ہوں، گولی مارنی ہے تو مار دو‘، شاہ رخ خان کا انڈر ورلڈ ڈونز کو جواب

’پٹھان ہوں، گولی مارنی ہے تو مار دو‘، شاہ رخ خان کا انڈر ورلڈ ڈونز کو جواب

بالی ووڈ کے معروف فلمساز سنجے گپتا نے 1990 کی دہائی میں بھارتی فلم انڈسٹری پر انڈر ورلڈ کے مبینہ اثر و رسوخ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سپر اسٹار شاہ رخ خان سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سنجے گپتا نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس دور کے عینی شاہد ہیں جب ممبئی میں انڈر ورلڈ کا خوف عروج پر تھا اور فلمی ستاروں، ہدایت کاروں سمیت شوبز سے وابستہ کئی شخصیات اس کے دباؤ کا سامنا کرتی تھیں۔فلمساز کے مطابق اس زمانے میں بڑے اداکاروں اور اداکاراؤں پر مخصوص فلمیں سائن کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا، جبکہ انڈر ورلڈ سے وابستہ افراد فلموں کے سیٹس پر بھی پہنچ جاتے اور شوٹنگ دیکھتے تھے۔سنجے گپتا کے مطابق شاہ رخ خان ان چند شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے مبینہ طور پر انڈر ورلڈ کے دباؤ کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا تھا۔فلمساز نے بتایا کہ جب شاہ رخ خان کو دھمکیاں دی گئیں اور فلموں یا شوز میں کام کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا تو اداکار نے دوٹوک انداز اپناتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے نہ کوئی فلم کریں گے اور نہ ہی کوئی شو۔سنجے گپتا نے شاہ رخ خان سے منسوب کرتے ہوئے ان کا مبینہ ردعمل بھی بیان کیا، ’’میں پٹھان ہوں، گولی مارنی ہے تو مار دو، میں تم سے نہیں ڈرتا۔‘‘تاہم یہ تمام تفصیلات سنجے گپتا کی جانب سے حالیہ انٹرویو میں بیان کیے گئے ماضی کے واقعات پر مبنی ہیں۔