لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر شہر بھر میں متحرک موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں۔ فیکٹری ایریا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ مبشر اور زاہد شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں، ماسٹر چابیاں اور غیر قانونی اسلحہ بر آمد کرلیا گیا۔ ایس پی کینٹ کے مطابق ملزمان نے مختلف علاقوں میں غیر قانونی پارکنگ اور گلی محلوں میں بغیر لاک کھڑی موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے، جبکہ بر آمد ہونے والی موٹر سائیکلیں مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جن کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہر بھر میں متحرک موٹر سائیکل چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔