کار ریلی کا مقصد کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور امن و اتحاد کا پیغام دینا تھا
اسلام آباد(آئی این پی ) یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر ورلڈ کشمیر فورم کے زیرِ اہتمام اسلام آباد سے مظفرآباد تک کاروانِ کشمیر کار ریلی منعقد کی گئی۔کار ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی، کار ریلی کا مقصد کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اور امن و اتحاد کا پیغام دینا تھا۔ کاروانِ کشمیر کے شرکا نے یادگارِ فتح اسلام آباد سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی پرچم لہراتے ہوئے مظفرآباد کا سفر شروع کیا۔ شرکا نے بھرپور خراجِ عقیدت کیلئے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور دفاعِ پاکستان و کشمیر کے خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا۔ کاروانِ کشمیر ریلی میں شریک افراد نے پاکستان کی عوام کا سربلند کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔سیکریٹری فنانس ورلڈ کشمیر فورم رفیق سلیمان کا کہنا ہے کہ ریلی آزادیِ کشمیر کے عزم اور پاکستان کے ساتھ کشمیری عوام کی یکجہتی کے اظہار کیلئے نکالی گئی۔ ریلی کا مقصد 6 ستمبر کے شہدا اور جدوجہدِ آزادی میں قربان ہونے والے فرزندانِ کشمیر کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔