ہائیکورٹ میں لوہاری گیٹ کے پاس مسجد کی جگہ تھانہ بنانے کے کیس پر سماعت
آئی جی ، سی سی پی او، چیف سیکرٹری ملکر دیکھیں یہ مسجد بنانی ہے:جسٹس فاروق
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں لوہاری گیٹ کے پاس مسجد کی جگہ پر تھانہ بنانے کے کیس پر سماعت ،عدالت نے آئی جی پنجاب کو 3 ہفتے کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔جسٹس فاروق حیدر نے عماد فاروق و دیگر نے درخواست پرسماعت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان عدالتی حکم پر پیش ہوئے۔ ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور بھی عدالت پیش ہوئے۔جسٹس فاروق حیدر نے قرار دیاکہ عدالت میں سی سی پی او لاہور اور چیف سیکرٹری بھی ہوتے تو اچھا ہوتا، تھانے میں مسجد کی جگہ چھوڑنی ہوتی ہے ، پٹیشن آئی ہے کہ ہم جہاں نماز پڑھتے تھے اب ادھر تھانہ بن گیا ، تھانے میں سکیورٹی ایشوز بھی ہوتے ہیں کیا یہ ممکن ہے کہ تھانے میں اگر کوئی جگہ مل جائے تو مسجد بنا دی جائے۔ آئی جی صاحب آپ جس کیس میں آتے ہیں وہ حل ہو جاتا ہے اسلئے آپکو بلایا ہے ، آپ ، سی سی پی او اور چیف سیکرٹری صاحب کے ساتھ ملکر دیکھیں یہ مسجد بنانی ہے۔