ویب ڈیسک: چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے، اسی سلسلے میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل والٹ کا اجرا کیا گیا ہے جس کے ذریعے رقوم کی محفوظ اور قانونی منتقلی ممکن ہو سکے گی۔
اسٹین فورڈ یونیورسٹی پروگرام کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد نے بتایا کہ خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ والٹ متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی رقوم قانونی اور محفوظ انداز میں پاکستان بھیج سکیں گے، اس اقدام سے غیر قانونی زرِمنتقلی کے ذرائع کا خاتمہ ممکن ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے قانونی طور پر 10 لاکھ ڈالر تک کی رقم بھیجی جا سکتی ہے، جبکہ یو بی ایل، وزارتِ خزانہ اور دیگر اداروں کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔رانا مشہود کے مطابق اس منصوبے کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو ایسا ڈیجیٹل والٹ فراہم کیا جائے گا جس سے وہ اپنی رقم براہِ راست پاکستان منتقل کر سکیں گے، اور اس اقدام سے ہر ماہ تقریباً ایک ارب ڈالر قانونی ذرائع سے ملک میں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل والٹ کا اجرا پاکستان کے معاشی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا مثبت تشخص اجاگر کر سکتے ہیں، جبکہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں — حکومت جلد ہی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے نئے پروگرامز متعارف کرائے گی تاکہ وہ پاکستان کے ڈیجیٹل اور معاشی مستقبل میں فعال کردار ادا کر سکیں۔