کراچی: ناظم آباد میں زیر تعمیر عمارت کے گڑھے میں گر کر نابینا حافظِ قرآن جاں بحق

کراچی: ناظم آباد میں زیر تعمیر عمارت کے گڑھے میں گر کر نابینا حافظِ قرآن جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ حادثات میں ایک نابینا حافظِ قرآن سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

 ناظم آباد میں ایک شخص زیر تعمیر عمارت کے گڑھے میں گر کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا، جبکہ اورنگی ٹاؤن میں ایک شخص گھر کی چھت سے گرنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔

ناظم آباد میں زیر تعمیر عمارت کے گڑھے میں گرنے سے نوجوان جاں بحق

چھیپا حکام کے مطابق ناظم آباد نمبر 3 میں احباب سوئٹس کے قریب زیر تعمیر عمارت کے گڑھے میں گرنے سے ایک راہ گیر جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔جاں بحق شخص کی شناخت 35 سالہ حسن ولد حمید الدین کے نام سے ہوئی۔ متوفی کے والد حمید نے بتایا کہ ان کا بیٹا غیر شادی شدہ، نابینا اور حافظِ قرآن تھا، جبکہ کمپیوٹر کا کام کرتا تھا۔والد کے مطابق حسن ہفتے کی صبح ناشتہ لینے کے لیے گھر سے نکلا تھا کہ قریب واقع زیر تعمیر عمارت کے گڑھے میں پھسل کر جا گرا۔ گڑھے میں موجود پلر کے سریے سے ٹکرانے کے باعث وہ جاں بحق ہوگیا۔متوفی کے والد نے الزام عائد کیا کہ زیر تعمیر عمارت کے گڑھے کے اطراف حفاظتی رکاوٹیں موجود نہیں تھیں، جس کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے حکومت سے انصاف فراہم کرنے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ایس ایچ او ناظم آباد خالد رفیق نے بتایا کہ پولیس کو حادثے کی اطلاع موصول ہوئی ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اورنگی ٹاؤن میں گھر کی چھت سے گر کر ایک شخص جاں بحق

دوسرا حادثہ تھانہ مومن آباد کی حدود میں اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 کی توحید کالونی میں فیضانِ عطار مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں گھر کی چھت سے گرنے کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 50 سالہ ندیم ولد شیخ احمد کے نام سے ہوئی۔ متوفی کے بھانجے نے بتایا کہ ان کے ماموں پیشے کے اعتبار سے الیکٹریشن تھے اور ان کے تین بچے ہیں۔بھانجے کے مطابق ندیم کو کبوتر بازی کا شوق تھا اور وہ گھر کی چھت پر کبوتر اڑا رہے تھے کہ اچانک پاؤں پھسلنے سے نیچے گر گئے۔ حادثے میں وہ جانبر نہ ہوسکے۔