ایس پی یو اہلکار سمیت2 منشیات فروش گرفتار

 ملزمان سے 1460 گرام چرس، پستول اور گولیاں برآمد، مقدمات درج 
 لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث اسپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے ملازم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرکے 1460 گرام چرس اور غیرقانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ذیشان اور عظیم کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم عظیم رشید ایس پی یو کا ملازم ہے، جس کے قبضے سے 30 بور پستول اور تین زندہ گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ بادامی باغ میں منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ محکمہ پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی بلاامتیاز احتساب جاری ہے۔ وردی یا سرکاری عہدہ کسی کو قانون سے بالاتر نہیں کرتا، جرائم میں ملوث اہلکاروں کو بھی قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔