ابوظہبی ٹی10لیگ میںفخر زمان ،نسیم شاہ ،فہیم اشرف سمیت 15کھلاڑیوں کی شرکت کی راہ ہموار

پاکستان کرکٹ بورڈاور لیگ منتظمین کے درمیان عدم اعتراض سرٹیفکیٹ کے معاملے پر معاملات طے پا گئے
ابوظہبی(سپورٹس ڈیسک)ابوظہبی ٹی10 لیگ میں قومی کرکٹرز کی شرکت کی راہ ہموار ہو گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)اور لیگ منتظمین کے درمیان عدم اعتراض سرٹیفکیٹ(این او سی)کے معاملے پر معاملات طے پا گئے۔ذرائع کے مطابق لیگ منتظمین این او سی کے بدلے پی سی بی کو 2 لاکھ ڈالر تک معاوضہ اور دیگر سہولیات فراہم کریں گے۔ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کی فرنچائزز اور قومی کھلاڑیوں نے پی سی بی سے این او سی جاری کرنے کی درخواست کی تھی ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائزز اور کھلاڑیوں کی درخواست پر معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی گئی اور پی سی بی کے ہمدردانہ غور کے بعد فریقین کے درمیان معاملات طے پا گئے۔ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت پی سی بی کو 2 لاکھ ڈالر تک معاوضہ اور سہولتیں ملیں گی معاملات طے پانے کے بعد قومی کرکٹرز کی ابوظہبی ٹی ٹین لیگ میں شرکت کے لیے این او سی ملنے کے امکانات یقینی ہو گئے ہیں۔ فخر زمان، نسیم شاہ، فہیم اشرف سمیت لگ بھگ 15 کرکٹرز کے ابوظہبی ٹی ٹین لیگ میں معاہدے ہیں۔