افسوسناک واقعہ نادرا آفس کی پارکنگ میں پیش آیا، موقع پر چل بسے،قاتل فرار
پشاور(آئی این پی )پشاور کے علاقے حیات آباد میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے نادرا کے ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ نادرا آفس کی پارکنگ میں پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے فہد کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ پارکنگ میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔پولیس نے مقتول کی نعش کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔