بینچ نے ذاتی وجوہات پر انکارکیا ،کیس فائل چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کو ارسال
9مئی زمان پارک کیس میں 6سرکاری گواہوں کی غیر حاضری پر عدالت برہم
لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے حسان نیازی کی ملٹری تحویل،فوجی عدالت کی کارروائی اور کورٹ مارشل کے خلاف درخواست پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو ارسال کر دی۔کیس کی سماعت گزشتہ روز ہوئی جس میں دورکنی بینچ نے ذاتی وجوہات پر کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس کو بھیجی۔حسان نیازی نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیاہے کہ نو مئی کیس میں گرفتاری کے بعد سویلین عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، مجھے ملٹری کسٹڈی میں دینے، ملٹری کورٹ کی کارروائی اور کورٹ مارشل کی کارروائی کو کالعدم قرار دے کر انسداد دہشتگردی عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے وزیر آبادمیں بانی پی ٹی آئی کے قافلے پر حملہ کی ایف آئی آر درج نہ کرنے کیخلاف زبیر نیازی کی درخواست پر آئی جی آفس سے اندراج مقدمہ کی درخواست کا ریکارڈ طلب کرلیا۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہا ئوس حملہ کیس میں موبائل فون کی سپرداری کیلئے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ، سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزم کا موبائل مال مقدمہ ہے جو مقدمہ کے فیصلہ تک پولیس کے پاس رہے گا۔ جج منظر علی گل نے 9 مئی زمان پارک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ کے جیل ٹرائل کی سماعت 10 نومبر تک ملتوی کر دی اور6سرکاری گواہوں کی غیر حاضری پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سے وضاحت طلب کر لی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد،عمر سرفراز چیمہ،، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید و دیگران کیخلاف 5 مقدمات کے جیل ٹرائل کی سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی ، دوران سماعت 7 سرکاری گواہوں نے ملزموں کیخلاف شہادت قلمبند کرائی ،ملزموں کے وکلاء نے گواہوں سے بیانات پر جرح مکمل کی۔