ویب ڈیسک:محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں سموگ کی شدت بڑھنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، گلگت بلتستان، چترال اور اس کے گرد و نواح میں بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے زیادہ تر علاقے سموگ سے گھیرے رہیں گے، اور صبح و رات کے اوقات میں میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور میں فضائی آلودگی کی سطح بہت بلند ہو چکی ہے، جس کے باعث شہر فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح انتہائی بلند ریکارڈ کی گئی، جن میں سید مراتب علی روڈ، یو ایس قونصلیٹ، فیز 8 ڈی ایچ اے اور عسکری ٹین شامل ہیں، جہاں فضائی آلودگی کی سطح 600 سے 868 تک پہنچ گئی۔ ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہننے کی تجویز دی ہے۔
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 22.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں ہلکی مغربی ہوائیں چل رہی ہیں اور نمی کا تناسب 80 فیصد ہے۔
اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شمالی اضلاع میں سرد رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم اسموگ کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، خاص طور پر سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، سرگودھا، جھنگ، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور دیگر علاقوں میں۔
خیبرپختونخوا اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ چترال اور گرد و نواح میں ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اور سرد رہے گا، اور گلگت بلتستان میں کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔