بھارت میں 50سالہ خاتون سے اجتماعی زیادتی

 حیدرآباد(آئی این پی) بھارت میں خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعات معمول بن گئے، ایک افسوسناک واقعے میں 50 سالہ خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 50سالہ گھریلو ملازمہ اپنے گھر جانے کیلئے ہائی ٹیکس کے سٹاپ پر بس کے انتظار میں کھڑی تھی۔اسی اثناء میں تین نوجوانوں کا وہاں سے گزر ہوا، جو کپڑے دھونے پر 500 روپے دینے کا وعدہ کرکے اسے اپنے گھر لے گئے۔ گھر لے جانے کے بعد نوجوانوں نے اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔بعد ازاں خاتون کسی طرح وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی اور مدھورا نگر پولیس سے شکایت کی۔ پولیس نے اس معاملہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، ملزمان کا تعلق ریاست اترپردیش کے گورکھپور سے بتایا گیا ہے۔