لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو مکمل دفاعی تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے جماعت اسلامی کے کارکنان کو قومی رضاکار فورس میں شامل ہونے کی تیاری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں حافظ نعیم الرحمان نے بھارت کی حالیہ جارحیت پر پاک فوج کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کو سراہتے ہوئے دشمن کے پانچ جنگی طیاروں اور متعدد ڈرونز کی تباہی پر ایئر فورس کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے حسبِ روایت ایک بار پھر رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا اور مساجد و سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، جس کا منہ توڑ جواب دینا ناگزیر ہو گیا ہے۔حافظ نعیم نے الخدمت فاؤنڈیشن کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے کو فعال رکھنے کی بھی ہدایت کی تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی سرگرمیاں جاری رکھی جا سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پوری قوم کو ایک پیج پر آ کر جذبۂ جہاد سے سرشار ہو کر دشمن کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نازک مرحلے پر اختلاف کی گنجائش نہیں، حکومت معذرت خواہانہ رویہ نہ اپنائے اور ہر سطح پر دشمن کو واضح پیغام دیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے متنبہ کیا کہ ایسے عناصر کی نشان دہی کی جائے جو مشکل وقت میں قوم کے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے اس بات کا عندیہ دیا کہ موجودہ صورتحال پر جماعت اسلامی جلد آئندہ کا لائحہ عمل جاری کرے گی۔