ویب ڈیسک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے یو این سیکورٹی کونسل کو ایک اہم پیغام میں آگاہ کیا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کے حق کو مکمل طور پر محفوظ رکھتا ہے۔
پاکستانی مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی بیرونی جارحیت کی صورت میں مناسب اور مؤثر جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے۔ اس بیان میں حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی برادری کو اپنے مؤقف سے آگاہ کر رہا ہے تاکہ عالمی قوانین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنے دفاع کو یقینی بنایا جا سکے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی صورت میں اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
مشن کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے تاکہ اپنے شہریوں اور سرزمین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ہر رکن ملک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسی بھی مسلح حملے کی صورت میں انفرادی یا اجتماعی طور پر اپنا دفاع کرے، اور پاکستان نے اس قانونی حق کی بنیاد پر عالمی فورم پر اپنا مؤقف پیش کیا ہے۔