جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 سیریز کیلئے پاکستان کا 17 رکنی اسکواڈ فائنل

جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 سیریز کیلئے پاکستان کا 17 رکنی اسکواڈ فائنل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت فضا فیاض کریں گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اسکواڈ میں گزشتہ سیریز میں حصہ لینے والی 9 کھلاڑیوں کو بھی برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ نوجوان ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے کے لیے نئی کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے۔قومی اسکواڈ میں فضا فیاض (کپتان)، الزوہہ حماد، اقصیٰ حبیب، عریشہ انصاری، بریرہ سیف، ہادیہ مینا، کومل خان، ماہ نور، ماہم نزاکت، ماہنور زیب، میمونہ خالد، راحمہ سید، روائل فرحان، روزینہ اکرم، شہر بانو، زینب خانم اور ذوفشاں ایاز شامل ہیں۔پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 14 سے 24 جولائی تک کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے تمام میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔

جنوبی افریقہ ویمنز انڈر 19 ٹیم اپنے پہلے دورۂ پاکستان کے لیے 10 جولائی کو کراچی پہنچے گی، جبکہ دونوں ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی تاکہ سیریز کی بھرپور تیاری کی جا سکے۔پی سی بی حکام کے مطابق اس سیریز کا مقصد نوجوان خواتین کرکٹرز کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا زیادہ سے زیادہ تجربہ فراہم کرنا اور مستقبل کے بڑے ایونٹس کے لیے مضبوط کھلاڑی تیار کرنا ہے۔ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے کا اہم موقع سمجھی جا رہی ہے۔