ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈ نے کیے،انگلینڈ نے میزبان میکسیکو کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا
نیوجرسی ،میکسیکو سٹی(سپورٹس ڈیسک ) فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میچ میں ناروے نے 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ انگلینڈ نے میزبان میکسیکو کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا دیا۔نیو جرسی میں کھیلے گئے میچ میں ناروے نے برازیل کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا دیا۔میچ میں ناروے کی جانب سے دونوں گول ایرلنگ ہالینڈ نے سکور کیے۔ پہلا گول ایرلنگ ہالینڈ نے 79ویں منٹ میں اسکور کیا جبکہ دوسرا گول 90 منٹ میں کیا۔ برازیل کی جانب سے واحد گول میچ کے اختتامی وقت پر نیمار جونیئر نے پنالٹی کک پر اسکور کیا۔یوں ناروے 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 1-2 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی اور برازیل کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔برازیل کے خلاف جیت کے بعد ناروے کی فٹ بال ٹیم نے اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں کو اپنی جیت کے جشن کے انداز میں جکڑ لیا۔پہلے فاتح ٹیم کے کوچ اسٹیل سولبے کین نے شائقین کوجوش دلایا، پھر ناروے کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے روایتی انداز میں ڈرم کی آواز پر جشن منایا۔ڈرم بجانے کی ذمے داری میچ کے ہیرو ایرلنگ ہالینڈ کے سپرد کی گئی اور پورا اسٹیڈیم گونج اٹھا۔ فیفا ورلڈکپ میں ناروے سے شکست کے بعد ورلڈکپ جیتنے کا خواب ٹوٹنے پر برازیل کے اسٹار کھلاڑی نیمار رو پڑے۔