منشیات فروشوں کا گھیرا تنگ

 15 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 1532.11 کلوگرام منشیات ضبط، مقدمات درج ، تحقیقات کا آغاز 
 لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی 4 مختلف کارروائیوں کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 15 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 1532.11 کلوگرام منشیات ضبط کی گئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق حاجی شاہ بس ٹرمینل، ضلع اٹک میں کارروائی کے دوران ایک گاڑی سے 960 گرام چرس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ سٹی بائی پاس سکھر کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 150 گرام کوکین برآمد ہوئی، جس پر ملزم کو حراست میں لے لیا گیااسی طرح کلی شادزئی سرنان، ضلع پشین کے قریب کارروائی کے دوران 1500 کلوگرام چرس گردہ برآمد کی گئی۔ جبکہ گوٹھ شیر خان، ضلع حب میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی 31 کلوگرام ہیروئن بھی اے این ایف نے برآمد کر لی۔اے این ایف حکام کے مطابق تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی بلا امتیاز جاری رہیں گی۔