بہاولپور چڑیا گھر کا بنگال ٹائیگر بیمار، ویڈیو وائرل، ڈبلیوڈبلیوایف نے تشویش کا اظہار

بہاولپور چڑیا گھر کا بنگال ٹائیگر بیمار، ویڈیو وائرل، ڈبلیوڈبلیوایف نے تشویش کا اظہار

چڑیا گھر میں موجود 20 سالہ بنگال ٹائیگر کی بیماری نے ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کی تشویش کا سبب بن گئی ہے۔

 پاکستان میں ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ڈائریکٹر حماد نقی نے ٹائیگر کی خراب صحت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ورلڈ ایسوسی ایشن آف چڑیا گھروں کے رہنما اصولوں کے مطابق فوری اقدامات کیے جائیں۔حماد نقی نے کہا کہ بیمار اور بوڑھے جانوروں کو عوامی نمائش کے لیے پیش نہیں کرنا چاہیے، اور چڑیا گھروں میں موجود جانوروں کی فلاح و بہبود پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہوں نے بنگال ٹائیگر کی ایک آنکھ خراب ہونے اور دیگر صحت کے مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔دوسری طرف، بہاولپور چڑیا گھر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈ لائف سید علی عثمان نے کہا کہ 20 سالہ بنگال ٹائیگر کو لاہور سے 2010 میں بہاولپور منتقل کیا گیا تھا۔

 انہوں نے بتایا کہ بنگال ٹائیگر کی اوسط عمر قدرتی ماحول میں 10 سے 15 سال ہوتی ہے، تاہم قید میں یہ 20 سال تک زندگی گزار سکتا ہے۔سید علی عثمان نے مزید بتایا کہ ٹائیگر کو بڑھاپے کی وجہ سے چلنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، اور اس کی پچھلی ٹانگوں کی کمزوری اور نیچے کا حصہ جھک چکا ہے۔ اس کی صحت کا مسلسل معائنہ کیا جاتا ہے اور اسے مخصوص غذا، جس میں قیمہ اور وٹامنز شامل ہیں، دی جارہی ہے۔ ٹائیگر کی صحت کے لیے خصوصی انتظامات کیے جارہے ہیں اور اسے روزانہ دھوپ اور تازہ ہوا میں لایا جاتا ہے تاکہ اس کی حالت میں بہتری آئے۔