گھوٹکی کے 4مزدور بلوچستان کے علاقے نوشکی میں قتل

اوباڑو سے روزگار کی تلاش میں گئے تھے، واقعہ کی اطلاع پرگھروں میں کہرام
لاشیں آبائی علاقے میں منتقلی کیلئے حکومت اقدامات کرے، اہل خانہ کی اپیل
گھوٹکی (خصوصی رپورٹ)بلوچستان کے علاقے نوشکی میں فتنہ الہند سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں گھوٹکی کے تعلقہ اوباڑو کے علاقے مرید شاخ کے رہائشی چار بے گناہ مزدور شہید ہو گئے۔ دہشتگردی کے اس افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو غم و اندوہ میں مبتلا کر دیا۔ شہید ہونے والے مزدوروں کی شناخت سجاد، عباس، کامران اور شہزادہ کونڈری کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چاروں نوجوان روزگار کی تلاش میں بلوچستان گئے تھے جہاں انہیں دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقتولین کے گھروں میں کہرام مچ گیا، جبکہ مرید شاخ اور گردونواح کے علاقوں میں سوگ کی کیفیت طاری ہے۔ اہلِ علاقہ نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف کھلا جرم قرار دیا ہے۔ ورثاء￿  کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں خراب امن و امان کی صورتحال کے باعث تاحال لاشیں نہیں مل سکیں، جس کی وجہ سے اہل خانہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ لواحقین نے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شہید نوجوانوں کی لاشیں آبائی گا ئوں منتقل کرانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محنت کشوں کو تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ روزگار کی تلاش میں جانے والے غریب افراد دہشتگردی کا نشانہ نہ بنیں۔