موبائل پیکیج نہ لگانے پرفائرنگ ، دکاندار زخمی، ملزم گرفتار

مانگا منڈی پولیس نے تین گھنٹوں میں ملزم گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمد کر لیا
لاہور (کرائم رپورٹر) مانگا منڈی میں موبائل فون کا پیکج نہ لگانے پر مبینہ طور پر ملزم نے فائرنگ کرکے دکاندار کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق تالاب سرائے میں پیش آنے والے واقعے میں زخمی شہری کے بیان پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مدعی کے مطابق ملزم ساجد بھٹی عرف ساجھی نے فون پر موبائل پیکج لگانے کا کہا، تاہم دکان پر موجود نہ ہونے کے باعث پیکج نہ لگ سکا۔ بعد ازاں ملزم دکان پر آیا، جھگڑا کیا اور فائرنگ کر دی، جس سے دکاندار کے بائیں بازو پر گولی لگی۔ مانگا منڈی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو تین گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔