خاتون نے واردات سے تقریباً دو ماہ قبل ٹک ٹاک کے ذریعے ڈرائیور سے رابطہ کیا اور معلومات نکلواتی رہی
کلینک پہنچنے پر ڈرائیور اور خاتون کے درمیان ویڈیو کال ہوئی، جس میں گارڈز کے ساتھ نہ ہونے کی تصدیق کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)رہنما تحریک انصاف عبداللہ طاہر قتل کیس کی تحقیقات میں اہم نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمان نے مقتول کی نقل و حرکت اور معمولات سے آگاہی حاصل کرنے کے لیے ان کے ڈرائیور اصغر کو ایک ٹک ٹاکر خاتون کے ذریعے مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون نے واردات سے تقریباً دو ماہ قبل ٹک ٹاک کے ذریعے ڈرائیور سے رابطہ قائم کیا اور بعد ازاں اس سے عبداللہ طاہر کی سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کرتی رہی۔ تحقیقات کے مطابق واردات کے روز کلینک پہنچنے کے بعد ڈرائیور اور خاتون کے درمیان ویڈیو کال ہوئی، جس میں مبینہ طور پر عبداللہ طاہر کی کلینک میں موجودگی اور سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ نہ ہونے کی تصدیق کی گئی، جبکہ اس وقت تک شوٹرز گرومانگٹ روڈ پر پہنچ چکے تھے۔ تفتیشی ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ مقتول کی ریکی کے لیے ڈرون کیمرہ بھی استعمال کیا گیا۔ پولیس مختلف پہلوئوں سے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔