نومبر دسمبر میں اسٹارلنک کی سروسز پاکستان میں دستیاب ہوں گی:شزہ فاطمہ

 نومبر دسمبر میں اسٹارلنک کی سروسز پاکستان میں دستیاب ہوں گی:شزہ فاطمہ

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے بتایا کہ اسٹارلنک کا انفراسٹرکچر لگانے کے بعد اس کی سروسز نومبر یا دسمبر میں پاکستان میں دستیاب ہوں گی۔

اجلاس کی صدارت امین الحق نے کی، جس میں چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اسٹارلنک کے لائسنس کے معاملے پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اسپیس بورڈ نے اسٹارلنک کو عارضی لائسنس دے دیا ہے اور مکمل لائسنس ان کی ریگولیشنز فائنل ہونے کے بعد دیا جائے گا۔امین الحق نے سوال کیا کہ اسٹارلنک کے لائسنس کے اجرا میں کیا مشکلات ہیں؟ جس پر وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ اس معاملے میں کوئی مشکلات نہیں ہیں، کیونکہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ ایک نئی ٹیکنالوجی ہے اور اس کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹارلنک کے لائسنس کے لئے کنسلٹنٹ ہائر کیا گیا ہے جو ریگولیشنز فائنل کرنے میں مدد دے رہا ہے۔ ریگولیشنز مکمل ہونے کے بعد اسٹارلنک کو دوبارہ اپلائی کرنا پڑے گا۔شزہ فاطمہ نے مزید کہا کہ چین کی کمپنی شنگھائی اسپیس کام نے بھی سیٹلائٹ انٹرنیٹ کے لئے درخواست دی ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ اسپیس انٹرنیٹ کے شعبے میں دیگر کمپنیوں کو بھی موقع ملے تاکہ مقابلے کی فضا قائم ہو۔