’’میرے علم میں لائے بغیر فلم میں ریپ سین شوٹ کیا گیا‘‘؛ بھارتی اداکارہ کا سنسنی خیز انکشاف

’’میرے علم میں لائے بغیر فلم میں ریپ سین شوٹ کیا گیا‘‘؛ بھارتی اداکارہ کا سنسنی خیز انکشاف

عائشہ جھلکا نے اپنے کیریئر کے ایک تکلیف دہ واقعے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ بالی ووڈ فلم ’’دلال‘‘ میں ان کے علم کے بغیر ایک ریپ سین شوٹ کیا گیا تھا۔

 اس سین کی شوٹنگ متھن چکرورتی کے ساتھ ہوئی تھی اور عائشہ نے بتایا کہ ان کے ڈپلیکیٹ کے ساتھ یہ سین شوٹ کیا گیا تھا، جس کے بارے میں انہیں بالکل بھی آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔عائشہ جھلکا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ انہیں ایک صحافی سے فون آیا، جس میں ان سے سوال کیا گیا کہ ’’کیا آپ کو اس سین کے بارے میں معلوم تھا؟‘‘ جس کے بعد اداکارہ نے پروڈیوسر پرکاش مہرا اور ڈائریکٹر پرتھو گھوش سے اس حوالے سے وضاحت مانگی۔ پروڈیوسر پرکاش مہرا نے انکار کیا اور کہا کہ فلم میں ایسا کوئی سین نہیں ہے۔ تاہم، جب عائشہ نے پریس شو کے دوران خود یہ سین دیکھا تو وہ بہت غصہ ہوئیں اور انہیں شدید دھوکا محسوس ہوا۔

اس کے بعد عائشہ جھلکا نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا اور فلم کے پروڈیوسر پرکاش مہرا اور ڈائریکٹر پرتھو گھوش کے خلاف IMPPA (انڈین موشن پکچر پروڈکشن ایسوسی ایشن) میں کیس دائر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد وہ بے حد دل برداشتہ ہو گئیں اور اپنے کیریئر کو نئی سمت دینے کی کوشش کی۔عائشہ جھلکا نے 90 کی دہائی میں ’’قربان‘‘، ’’جو جیتا وہی سکندر‘‘ اور ’’کھلاڑی‘‘ جیسی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کی۔ 2000 کی دہائی میں انہیں اچھے کردار نہ ملنے کی وجہ سے اداکاری چھوڑ دی تھی۔ حالیہ برسوں میں وہ ’’سیلیبریٹی ماسٹر شیف‘‘ اور پرائم ویڈیو کے ویب شوز ’’ہش ہش‘‘ اور ’’ہیپی فیملی‘‘ میں بھی نظر آئیں۔