ورلڈکپ 2027میں پاکستان کا ممکنہ سپر 7شیڈول سامنے آ گیا

روایتی حریف بھارت کیخلاف سپر 7کا ٹاکرا 7نومبر،گروپ سٹیج میں 10اکتوبر کو جوہانسبرگ میں ہوگا
لاہور (سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 میں پاکستان کا ممکنہ سپر7 رانڈ کا شیڈول سامنے آ گیا ہے، قومی ٹیم سپر 7 میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں اپنا پہلا میچ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گی۔جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شرکت کریں گی اور مجموعی طور پر 57 میچز کھیلے جائیں گے۔ورلڈ کپ کا آغاز 2 اکتوبر 2027 کو نمیبیا کے ونڈہوک میں تین ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا۔ اس مرحلے کی فاتح ٹیم گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی۔گروپ مرحلے کا باقاعدہ آغاز 7 اکتوبر کو کیپ ٹائون میں ہوگا، جہاں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت مدمقابل ہوں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جاری کردہ پری ٹورنامنٹ سیڈنگز میں پاکستان کو اے تھری کا درجہ دیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف کیباخا پورٹ الزبتھ میں میدان میں اترے گی۔30 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ وکٹوریہ فالز زمبابوے میں ہوگا، جبکہ 3 نومبر کو میزبان جنوبی افریقہ کے خلاف میچ ڈربن میں کھیلا جائے گا۔روایتی حریف بھارت کے خلاف سپر7 رانڈ میں ٹاکرا 7 نومبر کو کیپ ٹان میں ہوگا۔ اس کے علاوہ 10نومبر کو سری لنکا اور 13 نومبر کو آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم بلوم فونٹین میں اپنے میچز کھیلے گی۔ورلڈ کپ 2027 میں پاکستان کا بھارت اور آسٹریلیا کیساتھ کم سے کم دو بار مقابلہ ہوگا، دونوں ٹیموں کے ساتھ پاکستان کا تیسری مرتبہ فائنل یا سیمی فائنل میں بھی ٹاکرا ممکن ہے، گروپ اسٹیج میں پاک بھارت ٹاکرا10 اکتوبر کو جوہانسبرگ جبکہ پاک آسٹریلیا میچ 22اکتوبر کو پارل میں شیڈول ہے۔آئی سی سی کے مطابق گروپ مرحلے میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ہر گروپ میں 6،6 ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ اے میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلہ دیش اور کوالیفائر بی شامل ہیں۔ہر ٹیم اپنے گروپ کی دیگر ٹیموں کے خلاف ایک، ایک میچ کھیلے گی، دونوں گروپس سے ٹاپ تین ٹیمیں جبکہ دونوں گروپس میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں میں سے بہترین ٹیم سپر 7 مرحلے میں پہنچے گی۔سپر 7 میں 7 ٹیمیں رائونڈ رابن بنیاد پر کھیلیں گی اور ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 17 نومبر کو کیپ ٹائون جبکہ دوسرا 18 نومبر کو تشوانے میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 21 نومبر 2027 کو جوہانسبرگ میں شیڈول ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر 22 نومبر ریزرو ڈے ہوگا۔